ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آر ٹی او نے ضبط کی سرکھشا یاترا کی موٹر گاڑی۔ بی جے پی نے کیا پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ

آر ٹی او نے ضبط کی سرکھشا یاترا کی موٹر گاڑی۔ بی جے پی نے کیا پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ

Tue, 06 Mar 2018 11:21:57    S.O. News Service

کمٹہ 5؍مارچ(ایس او نیوز) بی جے پی کی ’جن سرکھشا یاترا‘ میں شامل ایک موٹر گاڑی کو ٹیکس کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ہوناور آر ٹی او افسران نے ضبط کرلیا  او ر اسے کمٹہ پولیس اسٹیشن کے احاطے میں رکھ دیا۔ اس پر مشتعل ہوئے بی جے پی کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کر ڈالا۔

بتایاجاتا ہے کہ منگلورو سے تصویری جھلکیوں والی ایک گاڑی لائی گئی تھی، جس کا ٹیکس ادا نہ کیے جانے کی وجہ سے ہوناور آر ٹی او افسران نے اسے ضبط کرلیا۔ کمٹہ پولیس اسٹیشن کے احاطے میں اس گاڑی کو ڈھانپ کر رکھنے کی بات جب بی جے پی کارکنان کو معلوم ہوئی تو انہوں نے اتوار کے دن پولیس اسٹیشن کا محاصرہ کرتے ہوئے ریاستی کانگریسی حکومت، آر ٹی او افسران او رپولیس والوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ 

اس موقع پر بی جے پی لیڈر پرمود ہیگڈے نے کہا کہ ’جن سرکھشا یاترا‘ میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے کانگریس کی سازش کے تحت یہ سب کیا جارہا ہے۔ ریالی کی اس گاڑی پر کیس داخل کرکے بہت بڑی غلطی کی گئی ہے۔ اگر ہمارا اشتعال آگ میں بدل جاتا ہے تو پھر اس کے لئے کانگریس پارٹی ، آر ٹی او افسران اور پولیس ہی ذمہ دار ہوگی۔سابق ایم ایل اے دینکر شیٹی نے کہا کہ جن سرکھشا یاترا کو روکنا کسی کے بھی بس کی بات نہیں ہے۔فوری طور پر ضبط شدہ گاڑی چھوڑ دی جائے ورنہ اس کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔سابق ایم ایل اے سنیل ہیگڈے نے کہا کہ کانگریس کا اس طرح کی گندی سیاست کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ اس کا برا انجام بہت جلد ہی سامنے آئے گا۔بی جے پی لیڈر سورج سونی نے کا کہنا تھا کہ جن سرکھشا یاترا کی گاڑی روکتے ہوئے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔اس کے علاوہ دیگر لیڈروں نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ 

معلوم ہوا ہے کہ احتجاجی لیڈروں نے  جب ٹیلی فون کے ذریعے مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے سے رابطہ قائم کیا تو وزیر موصوف نے کہاکہ: ’’گاڑی کا معاملہ میں دیکھ لیتاہوں، تم لوگ سب ہوناور پہنچ کر ریالی میں شامل ہوجاؤ۔ ‘‘اس کے بعد احتجاجیوں نے مظاہرہ ختم کرکے ہوناور کی طرف روانگی اختیار کی۔


Share: